حیدرآباد: پاکستان کسٹمز نے انسدادِ اسمگلنگ مہم کے تحت تین الگ الگ کارروائیوں میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل لے جانے والے تین آئل ٹینکرز تحویل میں لے لیے۔ حکام کے مطابق ضبط شدہ گاڑیوں اور ان میں موجود پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی مالیت تقریباً چار کروڑ روپے ہے۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق تینوں ٹینکرز میں مجموعی طور پر تقریباً 20 ہزار لیٹر پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل موجود تھا۔ کارروائیاں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے دستیاب معلومات کی بنیاد پر کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹینکرز کا ٹریکنگ ریکارڈ اوگرا کے پورٹل پر دستیاب نہ ہونے کے باعث مزید جانچ پڑتال کی گئی۔ اس دوران پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل میں غیر معمولی تاخیر، سیل ٹوٹنے یا ان میں ردوبدل کے شواہد اور دستاویزات میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی۔
کسٹمز حکام کے مطابق ڈیلیوری انوائسز میں درج وصول کنندگان اور پیٹرولیم مصنوعات اتارنے کے اصل مقامات کے درمیان بھی فرق سامنے آیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل نگرانی کے نظام سے مشکوک نقل و حرکت کی نشاندہی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قانونی ترسیل کی جانچ میں مدد مل رہی ہے۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق تحویل میں لیے گئے ٹینکرز اور ان میں موجود مصنوعات کی مزید تصدیق اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی نقل و حرکت روکنے اور قانونی سپلائی چین کے تحفظ کے لیے نگرانی مزید مؤثر بنائی جا رہی ہے
