پی ٹی آئی کور کمیٹی کا مذاکرات کی ناکامی پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا مطالبہ، بیرسٹر گوہر کا انکار
اسلام آباد: حکومت کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن کے مطابق پارٹی ارکان نے مذاکرات کی ناکامی کی وجوہات جاننے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا، تاہم چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں بعض ارکان نے پارٹی قیادت پر تنقید کی۔ ارکان نے لانگ مارچ کی تاریخ طے ہونے سے لے کر ایمرجنسی کے نفاذ تک پیش آنے والے واقعات کا جائزہ لینے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے پر زور دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں پارٹی کی متعدد ملاقاتوں کے بارے میں علم نہیں تھا اور کئی باتیں ان سے پوشیدہ رکھی گئیں۔ ارکان نے مطالبہ کیا کہ مذاکرات ناکام ہونے کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور معلوم کیا جائے کہ اس ناکامی کا ذمہ دار کون تھا۔
ارکان کے مطابق لانگ مارچ کی تاریخ کے اعلان سے لے کر ایمرجنسی کے نفاذ تک کے تمام معاملات کی تحقیقات ہونی چاہئیں، تاکہ کمیٹی حقائق کی روشنی میں ذمہ داری کا تعین کر سکے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے سے انکار کر دیا۔
