سونے کی قیمت میں 3 ہزار روپے اور چاندی کی قیمت میں 121 روپے فی تولہ کمی
عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونا 30 ڈالر سستا ہو کر 4 ہزار 90 ڈالر پر آ گیا، جس کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 ہزار روپے کمی سے 4 لاکھ 31 ہزار 536 روپے ہو گئی۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 572 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 69 ہزار 972 روپے کی سطح پر آ گئی۔
چاندی کی عالمی قیمت بھی فی اونس ایک ڈالر 21 سینٹ کمی سے 56 ڈالر 8 سینٹ ہو گئی۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 121 روپے سستی ہو کر 6 ہزار 86 روپے، جبکہ دس گرام چاندی کی قیمت 104 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 217 روپے ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور امریکی اقدامات کے باعث پیدا ہونے والی غیر یقینی صورت حال کے اثرات بھی عالمی بلین مارکیٹ پر مرتب ہو رہے ہیں۔
