اسلام آباد میں زیرِ حراست ملزم کے ساتھیوں کی پولیس پر فائرنگ، ملزم شکاز بیگ زخمی
اسلام آباد میں تھانہ سنبل کی حدود میں زیرِ حراست ملزم کو چھڑوانے کی کوشش کے دوران اس کے ساتھیوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ملزم شکاز بیگ زخمی ہو گیا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم ملزم کی نشاندہی پر مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرنے کے بعد واپس جا رہی تھی کہ راستے میں موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس ٹیم بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کی بدولت محفوظ رہی۔
ترجمان کے مطابق شکاز بیگ نے بھی فائرنگ کے دوران فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم ساتھی ملزمان کی فائرنگ سے وہ زخمی ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شکاز بیگ ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم کے درجنوں مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے اور اسلام آباد پولیس کو مطلوب تھا۔
