بلوچستان کے امیدواروں کی وفاقی ملازمتوں میں بھرتی کے لیے خصوصی سہولت سیل قائم
وفاقی حکومت نے بلوچستان کے اہل امیدواروں کو وفاقی محکموں میں ملازمتوں کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں بلوچستان فیڈرل ایمپلائمنٹ فسیلیٹیشن سیل قائم کر دیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
سیل وفاقی محکموں میں بھرتیوں کے موجودہ طریقہ کار کا جائزہ لے گا اور بلوچستان کے امیدواروں کو درپیش رکاوٹوں کی نشاندہی کرے گا۔ اس کے علاوہ وفاقی ملازمتوں کے مواقع سے متعلق آگاہی اور رسائی بہتر بنانے کے لیے اقدامات تجویز کیے جائیں گے۔
سیل بلوچستان کے امیدواروں کی بھرتیوں کے معاملے پر متعلقہ وزارتوں اور بھرتی کرنے والے اداروں سے رابطہ بھی کرے گا۔ اس کا کام بھرتیوں سے متعلق قواعد، پالیسیوں اور مقررہ کوٹے کے مطابق انجام دیا جائے گا۔
جوائنٹ سیکریٹری ریگولیشن، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سیل کے مجموعی انچارج ہوں گے، جبکہ شاہد نواز کو بلوچستان فیڈرل ایمپلائمنٹ فسیلیٹیشن سیل کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
