دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، انہیں کہیں بھی چھپنے نہیں دیا جائے گا، فیلڈ مارشل
اسلام آباد: آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، سرحدی نگرانی اور سیکیورٹی فورسز کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بلند حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل مستعدی برقرار رکھی جائے اور آپریشنل تیاریوں میں کسی قسم کی کمی نہ آنے دی جائے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی اور ملک میں جہاں بھی دہشت گرد موجود ہوں گے، ان کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء، غازیوں اور پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی اور عوامی حمایت کے ذریعے دہشت گردی اور اس کے نظریات کو شکست دی جائے گی۔
پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
