بگرام ایئرفیلڈ پر راکٹ حملوں کا دعویٰ، افغان فریڈم فرنٹ نے کارروائی کی ذمہ داری قبول کرلی
کابل: افغانستان میں طالبان مخالف مسلح گروپ افغان فریڈم فرنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ بگرام ملٹری ایئرفیلڈ میں طالبان کے فوجی مراکز اور تربیتی مقامات کو راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
گروپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جس کے نتیجے میں طالبان اہلکاروں کو جانی اور مالی نقصان پہنچا۔
افغان فریڈم فرنٹ کے مطابق بگرام ایئرفیلڈ پر حملوں میں 10 سے زائد طالبان اہلکار ہلاک یا زخمی ہوئے۔ تاہم، اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔
افغان جریدے کابل ناو کی رپورٹ کے مطابق افغان فریڈم فرنٹ نے طالبان کے خلاف متعدد کارروائیوں کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔ گروپ کی جانب سے بعض حملوں میں بڑی تعداد میں طالبان اہلکاروں کی ہلاکت کے دعوے کیے گئے ہیں، جن کی آزادانہ تصدیق دستیاب نہیں۔
ان واقعات کے بعد افغانستان میں سیکیورٹی صورتحال اور طالبان مخالف مسلح گروپوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔ تاہم حملوں کی مکمل تفصیلات، نقصانات اور متعلقہ حکام کا مؤقف سامنے آنے کے بعد ہی صورتحال کا زیادہ واضح اندازہ لگایا جا سکے گا۔
