کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں روزانہ 18 سے 20 گھنٹے بجلی بند، کاروباری سرگرمیاں متاثر
کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گردونواح میں بجلی کی طویل بندش اور کم وولٹیج کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مختلف علاقوں کے رہائشیوں کے مطابق روزانہ 18 سے 20 گھنٹے تک بجلی دستیاب نہیں ہوتی، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ غیر اعلانیہ بجلی کی بندش بھی جاری ہے، جبکہ کم وولٹیج نے گھریلو صارفین اور کاروباری افراد کی پریشانی مزید بڑھا دی ہے۔
بجلی کی طویل بندش سے متاثرہ علاقوں میں سرکی روڈ، ڈبل روڈ، جناح روڈ، جناح ٹاؤن، سمنگلی روڈ، سبزل روڈ، سی پیک روڈ، سراب روڈ، قمبرانی روڈ، بینک کالونی، مشرقی اور مغربی بائی پاس، ایئرپورٹ روڈ، نواں کلی، کلی الماس، کلی محمد اور بروری شامل ہیں۔
بجلی کی عدم دستیابی کے باعث گھریلو کام کاج متاثر ہو رہا ہے، جبکہ دکانوں، ورکشاپس اور دیگر کاروباری مراکز کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔ تاجروں کے مطابق مسلسل بجلی بند رہنے سے کام کی رفتار کم ہوتی ہے اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
کم وولٹیج کے باعث برقی آلات کے خراب ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کی تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔
متاثرہ شہریوں اور تاجروں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی طویل بندش کا فوری نوٹس لیا جائے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جائے اور بجلی کی فراہمی کے ساتھ وولٹیج کا معیار بھی بہتر بنایا جائے۔
