اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کا اہم اجلاس آج مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کے آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس شام سات بجے ہوگا، جس کی میزبانی جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کریں گے۔ اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی بھی شریک ہوں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، سابق اسپیکر اسد قیصر، عامر ڈوگر سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
اجلاس کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، اہم قومی معاملات اور اپوزیشن کی آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمان کے اندر اپوزیشن کی سرگرمیوں اور سیاسی کشیدگی میں کمی لانے کے لیے مستقبل کے اقدامات بھی زیرِ غور آئیں گے۔ اس مقصد کے لیے تمام اپوزیشن رہنماؤں کو دعوت نامے ارسال کیے جاچکے ہیں۔
