میرپور (آزاد کشمیر): آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں میرپور ڈویژن کے مختلف حلقوں میں ووٹرز اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
انتخابی عمل میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے مجموعی طور پر 13 حلقوں میں جاری ہے۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پولنگ عملے کو ضروری انتخابی سامان بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔
انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام پولنگ اسٹیشنز پر تعینات ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 13 حلقوں میں 14 لاکھ ایک ہزار 439 رجسٹرڈ ووٹرز حقِ رائے دہی کے اہل ہیں، جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
ووٹنگ کے لیے ڈویژن بھر میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں میرپور کے 4 حلقوں کے لیے 597، کوٹلی کے 6 حلقوں کے لیے 1,107 اور بھمبر کے 3 حلقوں کے لیے 608 پولنگ اسٹیشنز مختص کیے گئے ہیں۔
انتخابی میدان میں مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے ساتھ آزاد امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی سمیت دیگر جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ متوقع ہے، جبکہ مجموعی طور پر 296 امیدوار قسمت آزما رہے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے خبردار کیا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا انتخابی ماحول خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے بھی کہا ہے کہ شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں، اور امن و امان خراب کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ جاری ہے، جبکہ عوام اور سیاسی جماعتوں کی نظریں پولنگ کے تناسب اور بعد ازاں سامنے آنے والے نتائج پر مرکوز ہیں۔