اسرائیلی فوج کا حماس کمانڈر محمد الیزوری کو ہلاک کرنے کا دعویٰ
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈز کے خان یونس بریگیڈ کے کمانڈر محمد الیزوری کو ہلاک کردیا ہے، جنہیں ’’ابو الہیثم‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق محمد الیزوری القسام بریگیڈز کے انجینئر حذیفہ ابو معمر کے ہمراہ المواسی کے علاقے میں موجود تھے، جہاں اسرائیلی ڈرون حملے کا نشانہ بننے کے نتیجے میں دونوں ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حملے کے بعد محمد الیزوری کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی، کیونکہ حملے کے نتیجے میں لاش کو شدید نقصان پہنچا اور چہرہ بھی مسخ ہوگیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ الیزوری سے اچانک رابطہ منقطع ہونے کے بعد ان کے قریبی ساتھیوں نے انہیں تلاش کرنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ انہیں اسرائیلی حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
دو ذرائع کے مطابق محمد الیزوری نے خان یونس بریگیڈ کی ذمہ داری بریگیڈ کے رہنماؤں عزالدین الحداد اور محمد عودہ کی ہلاکت کے بعد سنبھالی تھی۔ دونوں رہنماؤں کی ہلاکت مئی میں ہوئی تھی۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے محمد الیزوری کی ہلاکت کا دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے دوران حماس کے عسکری ڈھانچے اور اس کے اہم کمانڈروں کو مسلسل نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔
