اسلام آباد ( ڈسٹرکٹ نیوز ) وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی شہری سے بڑی رقم چھیننے کے واقعے میں اسلام آباد پولیس نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق واردات تھانہ انڈسٹریل ایریا کی حدود میں پیش آئی، جہاں مسلح ملزمان نے غیر ملکی شہری سے 2 کروڑ 60 لاکھ روپے چھین لیے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کی۔
پولیس ٹیم نے تکنیکی ذرائع اور دیگر شواہد کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو 36 گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے واردات میں چھینی گئی مکمل رقم، مبینہ طور پر استعمال ہونے والا موٹر سائیکل، اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عاقب اور طلعت کے نام سے ہوئی ہے اور دونوں کا ماضی میں ضلع اٹک میں ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات کا ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ غیر ملکی شہریوں سمیت تمام شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ترجیح ہے اور جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
