اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اشیائے ضروریہ کے ذخائر اور قیمتوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی دستیابی، ذخائر کی صورتحال اور قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اسحاق ڈار کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں اشیائے ضروریہ کے وافر ذخائر موجود ہیں اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سپلائی چین اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزرائے قومی غذائی تحفظ اور ماحولیاتی تبدیلی، معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری تجارت سمیت وفاقی اور صوبائی متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ نیوز — خبر وہی، جو حقیقت کے قریب!
