اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں آئندہ عام انتخابات کے لیے ابتدائی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی عملے کا ڈیٹا بینک اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنرز کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
مراسلے کے مطابق تمام سرکاری محکموں میں کام کرنے والے افسران اور اہلکاروں کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا تاکہ آئندہ انتخابات کے دوران انتخابی عملے کی بروقت دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔
صوبائی حکام نے تمام ضلعی الیکشن کمشنرز کو انتخابی عملے کے ڈیٹا بینک کو اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ تمام ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کو ڈیٹا بینک مکمل کرکے الیکشن کمیشن کو تصدیق بھیجنے کے لیے 10 روز کی مہلت دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے ضلعی سطح پر انتخابی عملے کا ریکارڈ مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ پولنگ اسٹیشنز کی فہرست بھی اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چاروں صوبوں کے تمام اضلاع میں موجودہ پولنگ اسٹیشنز کی تصدیق کی ہدایت جاری کی گئی ہے جبکہ نئے پولنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے موزوں عمارتوں کی نشاندہی کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ضرورت کے مطابق اضافی پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔ تمام اضلاع میں موجودہ پولنگ اسٹیشنز کی فہرست کا ازسرنو جائزہ بھی لیا جائے گا۔
