لندن: ایران کے ساتھ جاری جنگ میں ممکنہ کمی اور تنازع کے خاتمے کی امیدوں نے عالمی تیل مارکیٹ پر اثر دکھانا شروع کردیا ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
جمعرات کو ایشیائی تجارتی سرگرمیوں کے دوران برینٹ اور امریکی خام تیل دونوں کی قیمتیں کم ہوگئیں اور مارکیٹ میں نرخ گزشتہ دو ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.9 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد فی بیرل قیمت 93.74 ڈالر ہوگئی۔ دوسری جانب امریکی خام تیل کی قیمت بھی تقریباً 1.5 فیصد نیچے آکر 86.83 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
اس سے قبل بدھ کے روز بھی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں آٹھ فیصد سے زائد کمی دیکھنے میں آئی تھی۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی اس حوالے سے کہا تھا کہ ایران جنگ کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں اضافے نے ری پبلکن پارٹی کو انتخابی نقصان پہنچانے میں کردار ادا کیا۔
ماہرین کے مطابق ایران جنگ میں کشیدگی کم ہونے اور ممکنہ جنگ بندی کی توقعات عالمی توانائی مارکیٹ میں قیمتوں کی کمی کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کے نرخوں کا آئندہ انحصار ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور سفارتی کوششوں کے نتائج پر ہوگا۔
