“اگر ایران نے مجھے قتل کرنے کی کوشش کی تو 1000 میزائل تیار ہیں” — ٹرمپ کی ایران کو سخت ترین دھمکی
واشنگٹن (ڈسٹرکٹ نیوز) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت انتباہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اگر ایران نے دنیا میں کہیں بھی انہیں قتل کرنے یا قتل کی کوشش کرنے کی کارروائی کی تو امریکہ کی جانب سے فوری اور انتہائی سخت فوجی جواب دیا جائے گا۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ “1000 میزائل پہلے ہی تیار اور ایران کی جانب نشانہ بنائے جا چکے ہیں، جبکہ ہزاروں مزید میزائل بھی فوری کارروائی کے لیے تیار ہیں۔” انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ اس حوالے سے امریکی فوج کو پہلے ہی احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔
امریکی صدر کے مطابق اگر ایران نے ان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کی تو امریکی فوج ایران کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنائے گی اور فوجی کارروائی ایک سال یا اس سے زائد عرصے تک بھی جاری رہ سکتی ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ اس سلسلے میں مکمل طور پر تیار ہے۔
ٹرمپ کے اس بیان نے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ بین الاقوامی مبصرین اس بیان کو مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے تناظر میں نہایت اہم قرار دے رہے ہیں۔
— ڈسٹرکٹ نیوز
| Local سے Global تک