امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق یورپی یونین بھی ایران کے خلاف امریکا کی معاشی دباؤ کی مہم ’’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ کا حصہ بن گئی ہے۔
اسکاٹ بیسنٹ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایران کی جانب سے عالمی مالیاتی نظام کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ ان کے مطابق مقصد یہ ہے کہ ایران اپنے جوہری پروگرام، ہتھیاروں کی تیاری یا اپنے اتحادی گروہوں کی مالی معاونت کے لیے عالمی مالیاتی ذرائع استعمال نہ کرسکے۔
امریکی وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ ایران پر اقتصادی دباؤ کی پالیسی اس وقت تک جاری رکھنے کا ارادہ ہے جب تک تہران کے لیے دستیاب اہم مالی وسائل اور معاونت کے ذرائع محدود نہیں ہوجاتے۔
یورپی یونین کی اس مہم میں شمولیت کے بعد ایران پر مالی اور اقتصادی دباؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ عالمی مالیاتی نظام میں ایرانی اداروں اور سرگرمیوں کے حوالے سے مزید پابندیوں کی صورتحال بھی پیدا ہوسکتی ہے۔
