ایچی ناگویا: ایشین گیمز کے مینز سنگلز اسکواش مقابلے میں پاکستان کے محمد اشعب عرفان نے بھارتی حریف ویر چوٹانی کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، جس کے ساتھ پاکستان کا ایک اور میڈل یقینی ہوگیا۔
کوارٹر فائنل میں اشعب عرفان نے ویر چوٹانی کو ایک کے مقابلے میں تین گیمز سے شکست دی۔ ان کی کامیابی کا اسکور 11-6، 8-11، 3-11 اور 3-11 رہا۔
سیمی فائنل میں اشعب عرفان کا مقابلہ بھارت کے ٹاپ سیڈ کھلاڑی سے ہوگا۔ پاکستان اسکواش ٹیم کے کوچ فہیم گل نے بھی اشعب عرفان کی کامیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سیمی فائنل میں بھی ان سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔
فہیم گل کے مطابق پہلی گیم میں شکست کے بعد اشعب عرفان نے شاندار کم بیک کیا اور کوارٹر فائنل جیت کر اپنے اعتماد میں اضافہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اشعب سیمی فائنل جیت کر فائنل تک رسائی کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ ایشین گیمز میں پاکستان اس سے قبل ویمنز کرکٹ ٹیم اور مکسڈ مارشل آرٹس کی 60 کلوگرام کیٹیگری میں عاصم خان کے ذریعے برانز میڈلز حاصل کر چکا ہے۔
