کوئٹہ (ڈسٹرکٹ نیوز) ایف سی بلوچستان دفاعِ وطن کے ساتھ ساتھ صوبے کے عوام کی خدمت میں بھی پیش پیش ہے۔ ایف سی بلوچستان کی جانب سے ستمبر کے دوران صوبے کے دور دراز علاقوں میں 63 فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔
فری میڈیکل کیمپس قلعہ سیف اللہ، ژوب، بادینی، شیرانی، مرغا فقیرزئی، پشین اور دیگر علاقوں میں لگائے گئے، جہاں مجموعی طور پر 8150 مریضوں نے مفت طبی سہولیات سے استفادہ کیا۔
میڈیکل کیمپس میں مریضوں کا مفت طبی معائنہ اور علاج کیا گیا، جبکہ انہیں ضروری ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ کیمپس کے دوران بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کی صحت پر خصوصی توجہ دی گئی۔
ایف سی بلوچستان کے فری میڈیکل کیمپس میں مقامی آبادی کو صحت سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی۔ بلوچستان کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں ایف سی بلوچستان کی جانب سے مفت طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
