اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ایلیمنٹری اسکول ٹیچرز کی ترقی سے متعلق کیس میں اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے پنجاب سروس ٹریبونل اور محکمہ تعلیم کا 24 مئی 2023 کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔
جسٹس عائشہ ملک کی جانب سے تحریر کیے گئے فیصلے میں قرار دیا گیا کہ ملازمین کی ترقی اور سینارٹی سے متعلق ابہام پیدا کرنا گڈ گورننس کے اصولوں کے منافی ہے، جبکہ قوانین اور قواعد میں موجود ابہام کا نقصان ملازم کو نہیں پہنچایا جاسکتا۔
عدالت نے درخواست گزار محمد شفیق، جو ایلیمنٹری اسکول ٹیچر ہیں، کو بی ایس 16 میں دی گئی ترقی بحال کردی اور حکم دیا کہ انہیں منسوخی کی تاریخ سے ترقی کے تمام سابقہ مالی و دیگر مراعات دی جائیں۔
محکمہ تعلیم پنجاب نے 2014 کے سروس رولز میں موجود ایک نوٹ کی بنیاد پر 24 مئی 2023 کو ترقی کا حکم واپس لیا تھا، جبکہ پنجاب سروس ٹریبونل نے محکمہ تعلیم کے اقدام کو برقرار رکھا تھا۔
