بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائی کی گئی، جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے نوکچہ میں ایک خالی واٹر باؤزر کو آگ لگائی اور فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد این 40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہے تھے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے علاقے باڑہ میں عزم استحکام کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا جبکہ ان کے ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
