بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دو مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں دالبندین میں کیے گئے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کوئٹہ تفتان شاہراہ پر مسافروں کو ہراساں کرنے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے میں ملوث تھے۔ ان پر شاہراہ پر تجارتی گاڑیوں اور مسافر بسوں کو آگ لگانے کے ذریعے ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کے الزامات بھی تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
