اردوان کا غزہ کی فوری تعمیر نو شروع کرنے پر زور
ترک صدر رجب طیب اردوان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ جنگ سے متاثرہ غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ غزہ کی صورتحال کے تناظر میں اسرائیل پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالا جائے تاکہ علاقے کی بحالی اور تعمیر نو کا عمل شروع ہوسکے۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ غزہ میں تباہ ہونے والے بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے اور عالمی برادری کو اس معاملے میں عملی کردار ادا کرنا چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ میں جاری جنگ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر رہائشی عمارتیں اور بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوا ہے، جس کے باعث علاقے کی تعمیر نو ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔
بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے مطابق تعمیر نو کے لیے ضروری سامان اور آلات کی غزہ میں رسائی بھی ایک اہم مسئلہ ہے، جبکہ علاقے میں انسانی اور بنیادی ضروریات کی صورتحال بدستور سنگین ہے۔
