اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے دم درود اور جن نکالنے کے نام پر بیمار لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم نذیر خان کو 3 سال قید بامشقت کی سزا سنادی۔
عدالت نے ملزم کو 96 لاکھ 76 ہزار 195 روپے دیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد عدالت میں موجود نذیر خان کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔
مقدمے کے مطابق سعید اللہ جان اپنی بیمار بھتیجی زبیدہ بی بی کو روحانی علاج کے لیے ملزم کے پاس لے کر گیا تھا۔
ملزم نے مبینہ طور پر جن نکالنے کے بہانے لڑکی کے چہرے اور کان پر متعدد مرتبہ شدید تشدد کیا، جس کے نتیجے میں اس کے بائیں کان کا پردہ پھٹ گیا اور وہ سماعت سے محروم ہوگئی۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ کورال میں درج کیا گیا تھا۔
