اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف 6 سے 8 اگست تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے، جہاں وہ اعلیٰ سطحی قیادت سے ملاقاتیں کرکے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر اہم مشاورت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا ہے۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزرا پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی سعودی عرب جائے گا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، اقتصادی تعاون، علاقائی امن و استحکام اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے قائم مضبوط، دوستانہ اور بااعتماد تعلقات کا تسلسل ہے، جس سے باہمی شراکت داری کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔
خلیجی خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں اس دورے کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ اس سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک روابط، سفارتی تعاون اور مختلف شعبوں میں مشترکہ شراکت داری مزید مستحکم ہوگی
