اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا کے ان اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا عمل عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں انتخابی سرگرمیاں جاری رکھنے کی تیاری کی جا رہی تھی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 140-A کی معطلی سے متعلق جاری کردہ نئے حکم نامے کے بعد صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔
اس معاملے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی حکومت کے 4 نومبر 2026 کے آرڈر نمبر 3 کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران حکم نامے کی شق نمبر 2 پر تفصیلی غور کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ مذکورہ حکم کے تحت آئین کا آرٹیکل 140-A معطل کرنے کا دائرہ پہلے سے مخصوص اضلاع کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آرٹیکل 140-A صوبوں میں مقامی حکومتوں کے قیام اور بلدیاتی نظام سے متعلق ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس سے قبل مخصوص اضلاع کے علاوہ خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں انتخابات کرانے کے لیے مختلف انتظامی اقدامات شروع کیے تھے، تاہم نئی صورتحال کے باعث یہ عمل روک دیا گیا ہے۔
