ڈیرہ اسماعیل خان (ڈسٹرکٹ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں 1916ء میں قائم ہونے والا 110 سالہ قدیمی گورنمنٹ گرلز سینٹینل ماڈل ہائی اسکول نمبر ون خستہ حالی کا شکار ہے، جس کے باعث سینکڑوں زیرِ تعلیم طالبات کی حفاظت کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ اہلِ علاقہ اور طالبات کے والدین نے اسکول کی عمارت کی فوری ازسرنو تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق اسکول کی عمارت گلی اور بازار کی سطح سے نیچے واقع ہے، جس کے باعث نکاسیٔ آب کا گندا پانی اکثر عمارت کے اطراف جمع رہتا ہے۔ پانی کھڑا رہنے کے باعث عمارت کی بنیادوں کو نقصان پہنچ رہا ہے اور پوری عمارت مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ ماضی میں اسکول کی چھت کا پلستر گرنے کے واقعات بھی پیش آچکے ہیں، جن کے نتیجے میں ایک ٹیچر اور 3 طالبات زخمی ہوچکی ہیں۔ ان کے مطابق اس صورتحال سے متعلق متعدد مرتبہ انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا، تاہم تاحال عمارت کی خستہ حالی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکا۔
والدین اور مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ کسی بھی بڑے حادثے سے قبل اسکول کی عمارت کا فوری طور پر تکنیکی معائنہ کرایا جائے اور طالبات کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عمارت کی ازسرنو تعمیر کے عملی اقدامات کیے جائیں۔
