کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں جدید اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے 500 الیکٹرک بسیں خریدنے اور لاجسٹکس پارک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے) بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں ماس ٹرانزٹ نظام کی توسیع، جدید پبلک ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس پارک کے قیام اور 500 الیکٹرک بسوں کی خریداری سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاجسٹکس پارک کے قیام اور 500 ای وی بسوں کی خریداری کے لیے ضروری کارروائی مکمل کرکے سندھ کابینہ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں لاجسٹکس پارک کا قیام شہر کے لیے اہم اقدام ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق منصوبے سے شہر میں ہیوی ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ لاجسٹکس پارک صوبے میں ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سندھ کے سینئر وزیر نے متعلقہ حکام کو منصوبوں سے متعلق تکنیکی اور انتظامی کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید وسعت دینا سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور مزید الیکٹرک بسوں کی آمد سے کراچی کے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
