ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں جانب سے حالیہ سفارتی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور مختلف اقدامات کے حوالے سے اپنے اپنے مؤقف کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر علاقائی حالات اور ان کے ممکنہ اثرات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ٹیلیفونک گفتگو میں موجودہ بحران کے حل کے لیے سیاسی اور سفارتی ذرائع کو بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی مشاورت جاری رکھنے اور بدلتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
رپورٹ کے مطابق عباس عراقچی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دوطرفہ رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔
دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق ظاہر کیا گیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مسائل کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانا ضروری ہے، جبکہ باہمی مشاورت کا عمل بھی جاری رکھا جائے گا۔
