لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے جعلی لون ایپس کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کرنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 39 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق لاہور کی ایک نجی سوسائٹی میں ٹاک ماسٹر پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام سے جعلی لون ایپس کا نیٹ ورک چلایا جارہا تھا۔
ملزمان مختلف ایپس کے ذریعے شہریوں کو قرض فراہم کرتے اور بعد ازاں مبینہ طور پر ان کے موبائل فون کی گیلری اور کانٹیکٹس تک رسائی حاصل کرتے تھے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان مصنوعی ذہانت کی مدد سے جعلی فحش تصاویر تیار کرکے متاثرہ افراد کو بلیک میل کرتے تھے۔
کارروائی کے دوران 38 مردوں اور ایک خاتون سمیت 39 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 40 لیپ ٹاپ اور 41 موبائل فونز سمیت دیگر ڈیجیٹل شواہد قبضے میں لے لیے گئے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
