لندن میں انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز کے زیرِ اہتمام سیمینار میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) مظہر جمیل نے پاکستان اور خطے کی سکیورٹی صورتِ حال پر گفتگو کی۔
انہوں نے بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم، علاقائی بالادستی کی سوچ اور ہندوتوا پر مبنی سیاست کو جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی وجوہات قرار دیا۔ ان کے مطابق بھارت کی عسکری صلاحیتوں میں اضافہ، میزائل پروگرام اور دوہری صلاحیتوں کے حامل ہتھیار خطے میں تصادم کے خطرات بڑھا رہے ہیں۔
مظہر جمیل نے مئی 2025 کے بحران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے بعد کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جوہری اور فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس خطے میں توازن برقرار رکھنے کے لیے اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
