لورالائی (میاں محمد عامر بشیر آرائیں)
ڈویژنل ڈائریکٹر سکولز ایجوکیشن لورالائی ڈویژن عبدالواسع خان کاکڑ نے جی بی ایچ ایس درگئی سرگڑہ اور جی جی ایم ایس درگئی سرگڑہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر بابو ملک نجیب خان کاکڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران ڈویژنل ڈائریکٹر نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا، طلبہ سے سبق سنا اور مختلف مضامین سے متعلق سوالات کیے۔ انہوں نے طلبہ کی تعلیمی استعداد، تدریسی سرگرمیوں، حاضری اور مجموعی تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ہیڈ ماسٹر عبدالرؤف نے انہیں اسکول کی تعلیمی سرگرمیوں، طلبہ کی تعداد، تدریسی امور اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
عبدالواسع خان کاکڑ نے اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم، بنیادی تعلیمی تصورات اور بہتر تربیت فراہم کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ صرف کتابی تعلیم کافی نہیں بلکہ طلبہ کی فکری، اخلاقی اور عملی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی حاصل کرنے والی قوموں کی بنیاد تعلیم پر ہوتی ہے۔ اگر معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو بچوں کی تعلیم و تربیت کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔
ڈویژنل ڈائریکٹر نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کی بنیادی تعلیمی مہارتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دیں، کمزور طلبہ کی نشاندہی کرکے ان پر اضافی محنت کریں اور کلاس رومز میں ایسا مثبت ماحول قائم کریں جہاں بچے اعتماد کے ساتھ سیکھ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک بہترین استاد صرف سبق نہیں پڑھاتا بلکہ مستقبل کے معمار تیار کرتا ہے۔ اساتذہ کی محنت، تربیت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور تعلیمی معیار میں بہتری قوم کے مستقبل سے براہِ راست وابستہ ہے۔
دورے کے اختتام پر ڈویژنل ڈائریکٹر نے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کی کوششوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ طلبہ کی تعلیم، حاضری، نظم و ضبط اور تربیت پر مسلسل توجہ دی جائے تاکہ علاقے کے تعلیمی اداروں میں معیارِ تعلیم مزید بہتر بنایا جا سکے۔
منجانب: حاجی امیر محمد خان، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن ایجوکیشن میڈیا لورالائی۔
