سندھ محکمہ صحت کا چھٹیوں کا نظام آن لائن کرنے کا فیصلہ
کراچی: محکمہ صحت سندھ نے افسران اور ملازمین کے لیے چھٹیوں کا نظام آن لائن کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
31 اگست 2026 سے بی پی ایس 16 سے 20 تک کے تمام افسران و ملازمین کے لیے ہر قسم کی چھٹی کی درخواست HRMIS پورٹل کے ذریعے جمع کرانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد کاغذی یا روایتی طریقے سے جمع کرائی جانے والی چھٹی کی درخواست قابلِ قبول نہیں ہوگی۔
ملازمین کو چھٹی پر جانے سے قبل HRMIS پورٹل پر درخواست جمع کرانے کے ساتھ اس کی منظوری حاصل کرنا بھی لازمی ہوگا۔ منظوری کے بغیر غیر حاضر رہنے والے ملازم کی غیر حاضری غیر قانونی تصور کی جائے گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ HRMIS کے علاوہ کسی دوسرے طریقے سے چھٹی حاصل کرنے کی کوشش پر سخت تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
تمام سیکشن افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ چھٹی کی درخواستوں پر کارروائی صرف HRMIS پورٹل کے ذریعے کریں اور نئے نظام پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
آن لائن درخواست یا HRMIS پورٹل سے متعلق تکنیکی دشواری کی صورت میں فوکل پرسن ڈاکٹر اللہ بخش مشتاق، چیف ٹیکنیکل آفیسر سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
محکمہ صحت سندھ نے تکنیکی معاونت کے لیے healthdeptsindh@gmail.com ای میل بھی جاری کردی ہے۔
