اسلام گڑھ
مسلم کانفرنس کا وجود اس بات کا ثبوت ہے کہ جماعت نے ہمیشہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے کو اپنا نظریہ بنایا ہے۔ یہ نعرہ محض سیاسی شعار نہیں بلکہ کشمیری عوام کی امنگوں اور پاکستان سے ان کی وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم کانفرنس کے مرکزی مجلسِ عاملہ کے رکن و سابق امیدوار اسمبلی نارووال میاں ذیشان رضا، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے رہنما و سابق امیدوار اسمبلی جموں 1 چوہدری سعود مختار، صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس پنجاب و سابق امیدوار اسمبلی ایل اے 35 جموں 2 وحید الحق ہاشمی ایڈووکیٹ اور مسلم کانفرنس کے رہنما و سابق امیدوار اسمبلی ایل اے 36 جموں 3 سیالکوٹ چوہدری افضل ہمایوں گجر نے کیا۔
میاں ذیشان رضا نے کہا کہ مسلم کانفرنس اپنے نظریاتی پس منظر اور الحاقِ پاکستان کی حامی جماعت ہونے کے ناطے پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین سے گہری محبت اور عقیدت رکھتی ہے۔
چوہدری سعود مختار نے کہا کہ مہاجرین نے اپنی زمینیں، گھر بار اور دیگر اثاثے چھوڑے، لیکن کشمیر کی شناخت اور پاکستان سے وابستگی کو کبھی فراموش نہیں کیا۔ اسی وجہ سے مسلم کانفرنس ہمیشہ مہاجرین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں ریاست کا مکمل حصہ تسلیم کرنے کی حمایت کرتی رہی ہے۔
وحید الحق ہاشمی ایڈووکیٹ نے کہا کہ مہاجرین کی قربانیاں تاریخ کا سنہری باب ہیں اور ان کی سیاسی شمولیت تحریکِ کشمیر کو مزید تقویت دیتی ہے۔
چوہدری افضل ہمایوں گجر نے کہا کہ مسلم کانفرنس نے اپنے منشور میں مہاجرین کے مسائل کو ترجیح دی ہے اور عملی طور پر بھی ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔
