حوثیوں کے حملوں میں سعودی عرب کے اندر تین بھارتی شہری بھی جان سے گئے
مشرقِ وسطیٰ میں فروری سے جاری جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے بھارتی شہریوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔ بھارتی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں آبنائے ہرمز میں نشانہ بنائے گئے بحری جہازوں کے 14 ارکان بھی شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے اپنے بیان میں خطے کی بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام خطے میں اپنے شہریوں اور سمندری کارکنوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے سفارتی مشنز اور مقامی بھارتی برادریوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یمن کے حوثیوں کے حملوں کے دوران سعودی عرب میں بھی تین بھارتی شہری ہلاک ہوئے، جبکہ پانچ سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں قائم بھارتی سفارتی مشنز صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، تاکہ خلیجی خطے اور خطرناک سمندری راستوں پر کام کرنے والے بھارتی کارکنوں اور جہاز رانوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جاسکے۔
