شکیل خان بیورو چیف پشاور
پشاور: عالمی یومِ نوجوانان کے
موقع پر ترجمان پختونخوا یوتھ اسمبلی میاں بلال علی شاہ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی ملک و قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان صلاحیت، قابلیت اور جذبے سے مالامال ہیں۔ انہیں معیاری تعلیم، جدید ٹیکنالوجی، فنی تربیت، روزگار، کھیل اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ترجمان نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات، جرائم، انتہاپسندی اور دیگر منفی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنا ریاست، والدین، تعلیمی اداروں اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کے غلط استعمال کو روکنا اور انہیں مثبت و تعمیری راستہ فراہم کرنا ایک اہم فریضہ ہے۔
میاں بلال علی شاہ نے کہا کہ اگر نوجوانوں کو مناسب مواقع اور رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ نہ صرف اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ ملک و قوم کی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نوجوانوں کے لیے روزگار، فنی تعلیم، کھیلوں، ٹیکنالوجی اور کاروبار کے مزید مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ نوجوان اپنی توانائیاں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں صرف کر سکیں۔
ترجمان پختونخوا یوتھ اسمبلی نے عالمی یومِ نوجوانان کے موقع پر نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، ہنر، محنت اور مثبت سرگرمیوں کو اپنا شعار بنائیں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
میاں بلال علی شاہ
ترجمان، پختونخوا یوتھ اسمبلی
