واقعات کی تحقیقات ہر پہلو سے جاری ہیں ، کوئی بھی ذمہ دار شخص قانون کی گرفت سے نہیں بچے گا، شاہد رند
کوئٹہ ( ڈسٹرکٹ نیوز ) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے نوٹس لینے پر قلعہ سیف اللہ اور موسی’ خیل میں ہونے والے سنگین جرائم کے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق چند روز قبل قلعہ سیف اللہ میں نوجوان کے ساتھ مبینہ زیادتی ، تشدد اور خود کشی کے افسوسناک واقعہ اور موسی’ خیل میں ایک غریب دیہاڑی دار شخص کو بے دردی سے قتل کرنے کے جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے میڈیا و سیاسی امور شاہد رند نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو 24 گھنٹوں کے اندر ملزمان کی فوری گرفتاری اور مکمل تحقیقات کی ہدایت جاری کی تھی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔ شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان سنگین اور انسانیت سوز واقعات کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے اور اس میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ قلعہ سیف اللہ سانحہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ایسے گھناونے جرائم میں ملوث افراد کسی رعایت یا معافی کے مستحق نہیں اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے مقدمہ کی مؤثر قانونی پیروی کی جائے گی۔ معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ خاندان کے دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں یقین دلاتی ہے کہ انصاف کی فراہمی کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اس نوعیت کے سفاک اور مجرمانہ کردار نہ صرف قانون بلکہ انسانی اقدار کے بھی دشمن ہیں، لہٰذا ایسے عناصر کا سخت احتساب ناگزیر ہے شاہد رند نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت کے مطابق واقعہ کی تحقیقات ہر پہلو سے جاری ہیں اور حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کوئی بھی ذمہ دار شخص قانون کی گرفت سے نہ بچ سکے۔ دریں اثناء ایس پی موسی’خیل کلیم اللہ کاکڑ کی خصوصی نگرانی میں ایس ایچ او توئی سر عبد القیوم موسی’ خیل نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے حال ہی میں پیش آنے والے ایک واقعہ میں قتل ہونے والے شخص عیدنور کے قاتلوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ایس ایچ او توئی سر عبد القیوم کے مطابق چند روز قبل ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل توئی سر میں سنگین پیش آیا تھا، جس میں عید نور نامی ایک غریب شخص کو بے دردی سے قتل کیا گیا اور اس کی جمع پونجی لوٹ کر لاش کو کوئلے کی کان میں چھپا دیا گیا تھا۔ ایس پی موسی’ خیل کلیم اللہ کاکڑ نے واقعے کا فوری نوٹس لیکر ایس ایچ او توئی سر کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی جس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کو چند روز کے اندر گرفتار کرلیا اور لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی ۔گرفتار ملزمان مقتول کےقریبی رشتے دار ہیں ملزمان دونوں بھائی ہیں جن کے نام عبد الستار ولد بلوچ ہلالزئی اورپالے ولد بلوچ ہلالزئی ہیں۔ اس بروقت کاروائی پہ عوام نے ایس پی موسی’ خیل کلیم اللہ کاکڑ اور ایس ایچ او عبد القیوم موسی’ خیل کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایس پی موسی’ خیل نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کی خادم ہے اور ہر ممکن کوشش ہے کہ ان کی جان و مال کی حفاظت کی جائے

ایس پی موسی خیل ’ کلیم اللہ کاکڑ
