اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دفاعی امور سے متعلق دو اہم قوانین میں ترامیم کے مسودوں کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں ڈیفینس فورسز ایکٹ 2026 اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ 2010 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ سرکاری بیان کے مطابق ڈیفینس فورسز ایکٹ میں مجوزہ تبدیلیاں 27ویں آئینی ترمیم کے بعد پیدا ہونے والی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہیں۔
مجوزہ قانون میں چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے اور اس سے متعلق ہیڈکوارٹرز کے انتظامی معاملات کو قانونی دائرہ کار میں لانے کی کوشش کی گئی ہے۔
وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد دونوں قوانین کے ترمیمی مسودے پارلیمان کے موجودہ اجلاس میں پیش کیے جائیں گے، جہاں ان پر مزید قانونی کارروائی اور منظوری کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ 2010 میں ترامیم کو بھی 27ویں آئینی ترمیم کے بعد ضروری قانونی اقدامات کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
یوں وفاقی کابینہ کی حالیہ منظوری کے بعد دفاعی نظام سے متعلق قانونی ڈھانچے میں مزید تبدیلیوں کا عمل پارلیمان میں داخل ہوگیا ہے۔
