پاکستان اور سویڈن کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مذاکرات کا پہلا دور نومبر میں اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے۔
پاکستانی حکام کے مطابق پاکستان اور سویڈن کے درمیان سرمایہ کاری معاہدے پر مذاکرات کا پہلا مرحلہ 17 اور 18 نومبر کو اسلام آباد میں متوقع ہے۔
سویڈن کی سفیر الیگزینڈرا برگ وان لِنڈے نے سویڈن پاکستان بزنس گائیڈ 2026-28 کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن پاکستان کے ساتھ دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے کو موجودہ تقاضوں کے مطابق اپ ڈیٹ کرنے کے لیے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا منتظر ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان کی جانب سے 1981 کے سرمایہ کاری معاہدے کو ختم کرنے کا نوٹس دیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔
حکومت پاکستان موجودہ سرمایہ کاری معاہدوں کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ سرمایہ کاری کے تنازعات اور بین الاقوامی ثالثی کے نتیجے میں ممکنہ مالی نقصانات کے خطرات کو کم کیا جاسکے۔
حکومت کی جانب سے سرمایہ کاری سے متعلق تنازعات کے حل کے لیے انویسٹمنٹ محتسب کا ادارہ بھی قائم کیا گیا ہے، جبکہ سرمایہ کاری معاہدے کے نئے ماڈل کی منظوری بھی دی جاچکی ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق پاکستان ہنگری کے ساتھ بھی سرمایہ کاری معاہدے پر مذاکرات کررہا ہے اور دونوں ممالک کے ساتھ نئے معاہدوں کی تکمیل کے لیے بات چیت جاری ہے۔
سویڈش سفیر نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ یورپی یونین کے جنرلائزڈ سسٹم آف پریفرنسز پلس (GSP+) کے تحت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تکمیل کے لیے اقدامات جاری رکھے۔
