اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ نے مسئلہ فلسطین پر اپنے مشترکہ مؤقف کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے مسئلہ فلسطین پر اپنے مشترکہ مؤقف کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات پر پابندی اور ان بستیوں سے منسلک خدمات کو محدود کرنے کے برطانیہ کے فیصلے کے حوالے سے 8 عرب اور اسلامی ممالک کے مشترکہ بیان کی حمایت کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار اور ہاکان فیدان نے برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کی جانب سے دو ریاستی حل سے متعلق مشترکہ اعلامیے کی بھی توثیق کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی معاملات پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر زور دیا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب اور مصر کے ساتھ ’ریجنل فور‘ (R4) فریم ورک کے ذریعے تعاون سمیت مختلف علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔
