پشاور بیورو چیف شکیل خان
پشاور میں ’’پاکستان کلین لینس موومنٹ‘‘ کے تحت خصوصی واک
پشاور: ڈسٹرکٹ یوتھ افیئرز پشاور اور پختونخوا یوتھ اسمبلی کے زیرِ اہتمام ’’پاکستان کلین لینس موومنٹ‘‘ کے تحت پشاور میں صفائی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے خصوصی واک کا انعقاد کیا گیا۔
واک خیبر بازار سے شروع ہو کر قصہ خوانی بازار پر اختتام پذیر ہوئی۔ واک میں پختونخوا یوتھ اسمبلی کے نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی اور صفائی مہم میں عملی طور پر حصہ لیا۔ اس موقع پر شہریوں میں صفائی ستھرائی، ماحول کے تحفظ اور ذمہ دارانہ شہری رویوں کے حوالے سے آگاہی بھی اجاگر کی گئی۔
اس موقع پر پختونخوا یوتھ اسمبلی کے بانی و چیئرمین نصراللہ حسرت نے کہا کہ صاف ستھرا اور صحت مند ماحول ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ نوجوان معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور انہیں صفائی و ماحولیاتی تحفظ کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کلین لینس موومنٹ صرف ایک روزہ سرگرمی نہیں بلکہ صفائی کا شعور اجاگر کرنے کی ایک مسلسل کوشش ہے۔ پختونخوا یوتھ اسمبلی نوجوانوں کو معاشرتی خدمت اور ماحول کے تحفظ کے لیے متحرک کرتی رہے گی۔
نصراللہ حسرت نے واک میں شرکت کرنے والے نوجوانوں اور ڈسٹرکٹ یوتھ افیئرز پشاور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہر شہری اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے کی ذمہ داری لے تو ہم مل کر ایک صاف، خوبصورت اور صحت مند پاکستان تشکیل دے سکتے ہیں۔
واک کے اختتام پر سرگرمی میں شریک شرکاء میں ڈسٹرکٹ یوتھ افیئرز پشاور اور پختونخوا یوتھ اسمبلی کی جانب سے سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کیے گئے
