امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا اعلان کریں، بصورت دیگر ان سے ملاقات کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبہ تسلیم نہ ہونے کی صورت میں وزیراعظم سے ملاقات سڑکوں پر ہوگی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے بتایا کہ دو روز بعد اجلاس کے بعد لانگ مارچ ملتان سے دوبارہ شروع کیا جائے گا اور مختلف سمتوں سے قافلے اسلام آباد کی طرف بڑھیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی اوکاڑہ میں جلسہ بھی کرے گی۔
حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت لیوی ختم کرنے کے معاملے کو آئی ایم ایف کی اجازت سے جوڑ دیتی ہے، حالانکہ ان کے بقول اس کا آئی ایم ایف سے تعلق نہیں۔ انہوں نے حکومت پر غربت کے خاتمے کے لیے مؤثر منصوبہ بندی نہ کرنے کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ ملک میں غربت بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق باتوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان سمیت کسی کو سیاسی بنیادوں پر قید نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور زیرِ حراست خواتین کو فوری رہا کیا جائے۔
