ڈسکہ، سیالکوٹ (بیورو چیف رانا اعظم کی رپورٹ) ڈسکہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اٹلی میں مقیم اوورسیز پاکستانی کے گھر سے چوری ہونے والے ساڑھے چار کروڑ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی برآمد کرلی، جبکہ واردات میں مبینہ طور پر ملوث دو خواتین ملزمان کو کراچی سے گرفتار کرلیا گیا۔
ڈسکہ: سیالکوٹ بیوٹی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی ڈسکہ نعمان احمد بٹر کی سربراہی میں پولیس نے سائنٹیفک ٹیکنالوجی کی مدد سے چوری کی واردات کا سراغ لگاتے ہوئے کارروائی کی۔ پولیس کے مطابق گرفتار خواتین کے قبضے سے 66 تولے طلائی زیورات اور نقدی سمیت مجموعی طور پر ساڑھے چار کروڑ روپے مالیت کا چوری شدہ سامان مکمل طور پر برآمد کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری اور چوری شدہ سامان کی برآمدگی کے لیے جدید سائنٹیفک ٹیکنالوجی سے مدد لی گئی۔ کامیاب کارروائی پر اعلیٰ پولیس حکام نے ایس ایچ او تھانہ سٹی ڈسکہ نعمان احمد بٹر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔
