ڈیرہ اسماعیل خان (ڈسٹرکٹ نیوز): ڈیرہ بنوں روڈ پر بلوچ ہوٹل کے قریب مبینہ ڈکیتی کی کوشش کے دوران پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل سمیت تین افراد زخمی ہوگئے، جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ گلوٹی کی حدود میں ڈیرہ بنوں روڈ پر پولیس گشت کر رہی تھی کہ اطلاع ملی کہ 10 سے 12 نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ طور پر ڈکیتی کی غرض سے سڑک بند کر رکھی ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس گشت پارٹی فوری طور پر موقع پر پہنچی تو مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جانب سے بھی جوابی کارروائی کی گئی اور کچھ دیر تک دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
فائرنگ کے دوران ہیڈ کانسٹیبل شیر اکبر سمیت جاوید اقبال ولد عبدالمتین سکنہ ضلع مردان اور پیر غلام ولد صاحب جان سکنہ سید آباد پیالہ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو پولیس کی نگرانی میں سول ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق مسلح افراد رات کی تاریکی اور قریبی جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ واقعے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف دفعات 394، 353، 148 اور 149 کے تحت درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے
