ڈیرہ بورڈ نے ایف اے، ایف ایس سی 2026 کے نتائج جاری کردیے، مجموعی کامیابی کا تناسب 86 فیصد رہا۔
ڈیرہ اسماعیل خان (ڈسٹرکٹ نیوز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیرہ اسماعیل خان نے ایک تقریب کے دوران ایف اے اور ایف ایس سی سال 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا۔ تقریب کی صدارت چیئرمین ڈیرہ بورڈ پروفیسر ڈاکٹر احسان اللہ نے کی جبکہ سابق سٹی میئر سردار عمر امین خان گنڈہ پور مہمان خصوصی تھے۔
چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ طلبہ کی سہولت کے لیے رجسٹریشن سے فیس ادائیگی تک متعدد مراحل کو ڈیجیٹل کردیا گیا ہے، جبکہ طلبہ کی رہنمائی کے لیے اے آئی چیٹ بوٹ بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ ان کے مطابق یتیم، شہداء کے بچوں اور معذور طلبہ کی امتحانی فیس بھی ختم کردی گئی ہے۔
پری میڈیکل گروپ میں دارارقم اسکول اینڈ کالج کی عائشہ رحمان نے 1146 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ لیڈز اسکول اینڈ کالج کی ملیحہ فاطمہ 1137 نمبروں کے ساتھ دوسری اور کیڈٹ کالج سپین کئی کے محمد ذیشان 1136 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہے۔
پری انجینئرنگ گروپ کی تینوں نمایاں پوزیشنیں کیڈٹ کالج سپین کئی کے طلباء نے حاصل کیں۔ احسان اللہ برکی 1124 نمبروں کے ساتھ پہلے، محمد یاسر 1105 کے ساتھ دوسرے اور عبدالحبیب 1104 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
آئی سی ایس گروپ میں بھی کیڈٹ کالج سپین کئی کے طلباء نمایاں رہے۔ محمد علی نے 1125، حامد حسین نے 1115 جبکہ عظمت اللہ اور سید علیان نے 1113، 1113 نمبر حاصل کیے۔
آرٹس گروپ میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ملازئی، ٹانک کی ثوہیمہ بی بی نے 1027 نمبروں کے ساتھ پہلی اور مقدس بی بی نے 1018 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ ورکنگ فوکس گرامر اسکول نمبر 1 ڈیرہ کی ماہین بلوچ 1012 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔
کنٹرولر ڈیرہ بورڈ ڈاکٹر قیصر انور کے مطابق پری میڈیکل پارٹ ٹو کا نتیجہ 92.07 فیصد، پری انجینئرنگ 87 فیصد اور جنرل سائنس کا نتیجہ 70 فیصد رہا، جبکہ بورڈ کا مجموعی نتیجہ 86 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
تقریب میں پوزیشن ہولڈر طلبہ کو مبارکباد دی گئی۔ اس موقع پر بورڈ حکام نے بتایا کہ ڈیرہ بورڈ کی نئی عمارت کے لیے 100 کنال اراضی پر تعمیراتی کام جاری ہے
