اسلام آباد (ڈسٹرکٹ نیوز) وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کو ہر کشمیری اور پاکستانی یومِ سیاہ منا رہا ہے، بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی سے خوفزدہ ہے اور تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے عزم کو ختم نہیں کر سکا۔ کشمیری نہ پہلے جھکے ہیں اور نہ اب جھکیں گے، بدترین بھارتی مظالم کے باوجود ان کا جذبہ آزادی دن بدن مضبوط ہو رہا ہے۔
یومِ سیاہ کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیری آزادی کی جدوجہد میں لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام تکمیلِ پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں اور پاکستان سے ان کی محبت اور عقیدت بے مثال ہے، کشمیری اپنے جنازے پاکستانی پرچم میں دفنا کر بھی پاکستان سے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہیں۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کا سہارا رہا ہے جبکہ پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی پشت پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے سب کو متحد ہونا ہوگا اور ہمیں اس امر پر بھی غور کرنا چاہیے کہ آزادکشمیر کے باہمی اختلافات کہیں تحریک آزادی پر اثر انداز تو نہیں ہو رہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ایک مضبوط پاکستان کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔ معرکہ حق میں پاکستان کی عسکری قوت کو پوری دنیا نے تسلیم کیا، عظیم فتح نے کشمیریوں کے سر فخر سے بلند کر دیے۔ حکومت پاکستان اور پاک افواج کی بہترین حکمت عملی کے باعث پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست کے اقدام کے بعد بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے۔
افتخار گیلانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، کشمیریوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور پوری ریاست جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گی۔
