شمالی کوریا کے رہنما کی فوجی یونٹوں کو سخت تربیت دینے کی ہدایت
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے فوجی کمانڈروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی یونٹوں کو جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار رکھیں اور مسلسل سخت تربیت کے ذریعے ان کی صلاحیتوں میں بہتری لائیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کم جونگ اُن نے کوریائی عوامی فوج کے کمپنی کمانڈروں کے تیسرے اجلاس میں شریک افراد سے گفتگو کرتے ہوئے جنگی تیاری اور فوجی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے فوجی کمانڈروں سے کہا کہ وہ اپنی یونٹوں کی کارکردگی بہتر بنائیں اور انہیں غیر معمولی جنگی صلاحیتوں کا حامل بنائیں، تاکہ حکمراں ورکرز پارٹی سے وفاداری بھی ثابت ہوسکے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ شمالی اور جنوبی کوریا کو الگ کرنے والے غیر فوجی علاقے میں دھماکے کے نتیجے میں جنوبی کوریا کے تین فوجی زخمی ہوگئے تھے۔ جنوبی کوریا نے اس واقعے کا الزام شمالی کوریا پر عائد کیا، تاہم شمالی کوریا نے الزام مسترد کردیا۔
کشیدگی میں کمی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان فوجی رابطے بحال کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی تھی، لیکن شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کی مذاکرات کی پیشکش کا تاحال جواب نہیں دیا۔ دونوں ممالک نے 21 ستمبر کے واقعے سے متعلق اپنا مؤقف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھی بھیجا ہے۔
رپورٹ میں مشرقِ وسطیٰ میں ایران جنگ، یمن میں حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی، روس یوکرین جنگ اور اسرائیل کی حماس اور حزب اللہ کے ساتھ جاری لڑائی کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جس کے اثرات لبنان تک پھیلے ہوئے ہیں۔
