آزاد کشمیر کی ایم ایل اے سحرش قمر ملک کیلئے یوتھ ایکسیلینس ایوارڈ
ایوارڈ وزیراعظم کے مشیررانا مشہود احمد خان نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور معاشی ترقی کیلئے بین الاقوامی کانفرنس میں دیا
*********
اسلام آباد(ڈسٹرکٹ نیوز ) آزاد جموں و کشمیر کی ممبر قانون ساز اسمبلی سحرش قمر ملک کو نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور نمایاں صلاحیتوں کے اعتراف میں ’’یوتھ ایکسیلینس ایوارڈ‘‘ سے نواز دیا گیا۔ انہیں یہ ایوارڈ 14 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے دوران چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے پیش کیا۔
پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس برائے جامع اور پائیدار معاشی بااختیاری و ترقی میں مختلف ممالک کے نمائندوں، حکومتی شخصیات، ترقیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد غربت کے خاتمے، معاشی ترقی کے فروغ، روزگار کے مواقع میں اضافے اور کمزور طبقات کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے پائیدار حل تلاش کرنا تھا۔
یوتھ ایکسیلینس ایوارڈ نوجوانوں کی صلاحیتوں، قیادت اور نمایاں کردار کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔ سحرش قمر ملک کو اس اعزاز سے نوازا جانا نوجوان قیادت کی حوصلہ افزائی اور معاشرے میں نوجوانوں کے مثبت کردار کو نمایاں کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
کانفرنس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، انہیں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے اور معاشی سرگرمیوں میں ان کی مؤثر شرکت یقینی بنانے کی اہمیت پر توجہ دی گئی۔ شرکاء نے غربت میں کمی، معاشی خودانحصاری اور پائیدار ترقی کے لیے حکومتی اداروں، ترقیاتی شراکت داروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
ڈسٹرکٹ نیوز — خبر وہی، جو حقیقت کے قریب!
