اسلام آباد (ڈسٹرکٹ نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے صدر آزادکشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان اور وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے ملاقات کی، جس میں آزادکشمیر کی مجموعی ترقی، عوامی فلاح و بہبود، معاشی استحکام اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ اور اہم شاہراہوں کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آزادکشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار نے آزادکشمیر کی قیادت کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں میں تعاون اور عوام کی سماجی و معاشی بہتری کے لیے حکومتی معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔
صدر آزادکشمیر اور وزیراعظم افتخار گیلانی نے آزادکشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کی معاونت مزید بڑھانے پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے آزادکشمیر کے عوام کے ساتھ گہرے اور دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی موجود تھے۔
