فلائی دبئی پرواز میں معاون پائلٹ کا کپتان پر حملہ، واقعہ دہشت گردانہ کارروائی قرار
متحدہ عرب امارات نے دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آنے والے واقعے کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یو اے ای کے اٹارنی جنرل حامد سیف الشمسی نے 3 اکتوبر 2026 کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معاون پائلٹ کی جانب سے کپتان پر حملہ کرکے طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی کوشش سامنے آئی ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کے محرکات، ممکنہ روابط اور دیگر پہلوؤں کی تحقیقات تاحال جاری ہیں، اس لیے واقعے سے متعلق مزید حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آسکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پرواز 30 ستمبر کو دبئی سے تل ابیب کے لیے روانہ ہوئی تھی، جس میں تقریباً 174 مسافر سوار تھے۔ دورانِ پرواز معاون پائلٹ نے مبینہ طور پر کپتان پر حملہ کیا اور کاک پٹ میں موجود تیز دھار آلہ استعمال کیا۔
واقعے کے بعد طیارے کی بلندی میں تیزی سے کمی آئی، جس پر عملے نے ہنگامی کوڈ جاری کیا۔ مسافروں اور عملے کے افراد نے معاون پائلٹ کو قابو کرنے میں مدد کی جبکہ دیگر پائلٹس نے طیارے کا کنٹرول سنبھال لیا۔
بعد ازاں طیارے نے سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، جہاں کپتان اور معاون پائلٹ کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
